بندر اکثر ہی اپنی ناقابلِ یقین صلاحیتوں کی وجہ سے انسانوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔
حال ہی میں بھارتی ریاست اُتر پردیش کے علاقے وارانسی سے ایک بندر کی پتنگ اُڑاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں بندر ایک گھر کی چھت پر پتنگ کو بالکل انسانوں کی طرح پوری مہارت سے کنٹرول کر کے اُڑاتے ہوئے نظر آ رہا ہے اور ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں بندر کے آس پاس موجود لوگوں کے شور کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں جو بندر کو پتنگ اُڑاتے دیکھ کر محظوظ ہو رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے وائرل ویڈیو میں بندر کو اتنی زبردست مہارت کے ساتھ پتنگ اُڑاتے دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے دلچسپ انداز میں لکھا کہ انڈیا بگنرز کے لیے نہیں ہے یہاں کے تو بندر بھی پتنگ اُڑا رہے ہیں۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ بے چارہ بندر آس پاس کے لوگوں کی چیخ و پکار کی وجہ سے پریشان ہوگیا ورنہ وہ ایک دو پتنگیں تو ضرور کاٹ دیتا۔