رام گوپال ورما کی گینگسٹر ڈرامہ فلم ستیا دوبارہ سنیما گھروں میں ریلیز ہونے کےلیے تیار ہے۔ اس فلم نے منوج باجپائی کے کیریئر کو نئی بلندیوں پر پہنچایا، جو کلٹ کلاسک کا درجہ رکھتی ہے۔
حالیہ انٹرویو میں منوج باجپائی نے ستیا کے بعد شہرت کے ساتھ آنے والی مشکلات اور اکشے کھنہ کے مشورے پر بات کی جس نے ان کی سوچ کو بدل دیا۔
ستیا کی کامیابی نے انہیں بھارت میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا جہاں انہیں بہترین معاون اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا۔
تاہم منوج باجپائی نے اعتراف کیا کہ اچانک ملی اس کامیابی اور توجہ سے وہ خود کو غیر مطمئن اور اجنبی محسوس کرنے لگے تھے۔ انہوں نے کہا، ’میں اس توجہ اور مراعات کے ساتھ آرام دہ محسوس نہیں کر رہا تھا۔ جب بھی میں فائیو اسٹار ہوٹلز میں جاتا یا اپنی کار میں بیٹھتا تو ایسا لگتا جیسے میں کسی اور کی کار میں بیٹھا ہوں۔‘
اداکار کا کہنا تھا کہ ’اکشے کھنہ نے کہا، ’منوج، تم اپنی کامیابی کےلیے شرمندہ کیوں ہو؟ اسے اپناؤ۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ بات واقعی مجھے سمجھ میں آئی۔ اتنے عرصے تک آپ نے یہ سب نہیں دیکھا، اس لیے آپ اس کے عادی نہیں ہیں۔