بالی ووڈ اداکار منوج باجپائی اینیمل جیسی فلموں کی کامیابی پر پریشان ہیں، کہتے ہیں ان کی وجہ سے بھارت میں فلم سازی کا کلچر تباہ ہوگیا ہے۔
اپنے ایک تازہ انٹرویو کے دوران منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے باکس آفس کی جنونیت کے خلاف رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر نئی فلم یا پروجیکٹ کی منصوبہ سازی کی جائے تو فلم بنانے اور اس میں کام کرنے والوں کے منہ پر باکس آفس کے اعداد و شمار مار دیے جاتے ہیں۔
نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکار کا کہنا تھا کہ اب یہی نمبرز بات چیت کا حصہ بن گئے ہیں۔ اب لوگوں کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کسی فلم نے 100 کروڑ یا اس سے زائد کا بزنس کیا ہے تو وہ بہت اچھی فلم ہے جو ملک میں فلموں کے تمام تقاضوں کو بھی پورا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیسوں کی دوڑ نے ہندی فلم انڈسٹری میں آرٹ اور تخلیق کے زاویوں کو کافی حد تک نقصان پہنچایا ہے۔