• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شدید سردی برقرار، برطانیہ میں متعدد تعلیمی ادارے بند، سفر میں خلل، بیمار افراد کیلئے خصوصی ہدایات جاری

لیڈز/ مانچسٹر (زاہد مرزا/ ہارون مرزا) شمالی برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں ہے گزشتہ تین روز کی شدید برف باری کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا۔ ٹمپریچر گرنے سے فٹ پاتھ اور اہم سٹریٹس پر روڈ ائی سی ہونے کے سبب حادثات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جبکہ گزشتہ تین روز سے تعلیمی ادارے بند ہیں۔ بسوں اور ٹرینوں کی امدورفت بھی تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ لیڈز بریڈ فورڈ ائرپورٹ ویک اینڈ سے بند ہے، تمام فلائٹس کو مڈلینڈ ائرپورٹ کی طرف ڈائیورٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دو روز کے لیے شدید سردی کی ایمبر وارننگ جاری کی گئی ہے،برطانیہ کی ماحولیاتی ایجنسی نے شدید برفباری کے بعد سیلاب کی وارننگ جاری کی ہیں۔ مقامی کونسل کی جانب سے جیو نیوز کو جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کونسل کا عملہ دن رات اہم شاہراہوں اور گلیوں میں نمک پاشی کر رہا ہے۔ برطانیہ کے سب سے بڑے صحت کے ادارے این ایچ ایس نے کمزور اور بیمار افراد کیلئے خصوضی ہدایت جاری کی ہیں، کرکلیز میں درجنوں اسکول برفانی حالات کی وجہ سے تیسرے دن بھی بند رہے۔ پیر کو اسکول دوبارہ کھلنے والے تھے لیکن اتوار اور پیر کو شدید برفباری کے باعث سڑکیں اور راستے ناقابلِ گزر ہو گئے جس کی وجہ سے کئی اسکول بند رہے۔ آرکٹک موسم کے باعث منگل کو بھی کئی اسکول بند رہے جبکہ مزید برفباری ہوئی۔ کچھ اسکول تیسرے دن بھی بند ہیں، جبکہ کئی اسکولوں کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسکول کا اسٹاف برفباری کے باعث راستے بند ہونے کی وجہ سے تاخیر سے اسکول پہنچے گا۔ موسمیات کے مطابق یو کے انوائرمنٹ ایجنسی نے500سیلاب وارننگ جاری کی ہیں جبکہ میٹ آفس نے کہا ہے کہ چند روز تک شدید سردی کی یہ لہر جاری رہے گی۔ علاوہ ازیں مانچسٹرسے نمائندہ جنگ کے مطابق جنوب مغربی انگلینڈ میں منفی 12سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت گرنے کی پیش گوئی کے ساتھ عوام کو سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور برفباری کے باعث پہلے ہی حالات ابتر ہیں جس کے باعث ائیر پورٹس، ریلوے لائنیں اور ٹریفک کا نظام تاحال مفلوج ہے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے مغربی انگلینڈ کیلئے امبر وارننگ جاری کرتے ہوئے عوام کو حالات سے باخبر رہنے کیلئے متنبہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پانچ سو فٹ سے اونچے مقامات پر0.8انچ 8سو فٹ سے اوپر مقامات پر 10سینٹی میٹر تک برفباری ہوگی۔ ڈیون اور کارن وال پولیس نے ڈرائیوروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سفر کو انجام دینے کے لیے موافق موسم کا انتخاب کریں اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ پیش گوئی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سڑکوں پر برفباری کے باعث سفرمیں تاخیر کا سامنا ہو سکتا ہے۔ موبائل کوریج میں کمی اور بجلی کی بندش کے بھی امکانات ہیں کارن وال، ڈیون، ڈورسیٹ اور سمرسیٹ کے بعض حصوں میں ٹرینوں اور ہوائی جہازوں کی آمدو رفت میں تاخیر اور منسوخی کے معاملات بھی ہو سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج جنوب مغرب سے تیز ہواؤں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ شمالی اور مغربی سکاٹ لینڈ کے لیے کل رات تک اور شمالی آئرلینڈ میں کل صبح11بجے تک برف اور برف کے لیے مزید زرد وارننگز بھی نافذ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح کی وارننگ ویلز کے لیے کل صبح3بجے سے دوپہر12بجے تک نافذ رہے گی ماحولیاتی ایجنسی کے پاس آج انگلینڈ کے لیے91 سیلاب کی وارننگ اور179الرٹس فعال تھے جبکہ نیچرل ریسورسز ویلز نے مزید وارننگ اور چار الرٹس نافذ کیے ہیں۔ تعلیمی اداروں کو موسمی شدت کے باعث دوبارہ بند کر دیا گیا ہے، انگلینڈ میں سب سے زیادہ ریل کی خدمات متاثر ہیں جبکہ ائرپورٹس پر بھی برفباری کے باعث پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ برطانیہ کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت10جنوری1982کو ایبرڈین شائر میں بریمر میں منفی27.2ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ2021میں منفی 23سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ میٹ آفس کے چیف فورکاسٹر جیسن کیلی نے کہا ممکنہ طو رپر آج سے جنوب مغرب سے موسمی حالات تبدیل ہونا شروع ہو جائیں گے۔

یورپ سے سے مزید