گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں مزید دو کونسلز نے فٹ پاتھ پر پارکنگ کی پابندی لگا دی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے کو 100پونڈ تک جرمانہ کیا جائے گا لیکن اگر مذکورہ ڈرائیور اپنے اس جرمانے کی رقم کو 14دن کے اندر ادا کر دیتا ہے تو اس کو کم کرکے 50 پونڈ کر دیا جائے گا۔ اسکاٹش حکومت نے 2023کے آخر میں مقامی کونسلز کو اختیارات دیئے تھے کہ وہ فٹ پاتھ پر گاڑی کھڑی کرنے والوں کو جرمانہ جاری کر سکتے ہیں۔ سٹی آف ایڈنبرا برطانیہ کی پہلی کونسل تھی جس نے سب سے پہلے یہ قدم اٹھایا۔ اس کے بعد ڈنڈی نے بھی یہ سلسلہ شروع کیا، فٹ پاتھ پارکنگ سے نہ صرف وہیل چیئر استعمال کرنے والے معذور افراد اور بچوں کو لے جانے والے پش چیئر والے لوگوں کو مشکلات پیش آتی تھیں بلکہ نابینا افراد جو رہنمائی کرنے والے کتے اور سٹک کے ساتھ سفر کرتے ہیں ان کو بھی فٹ پاتھ سے اتر کر سڑک پر چلنا پڑتا تھا جس سے ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے تھے واضح رہے کہ انگلینڈ میں لندن واحد شہر ہے جہاں فٹ پاتھ پر پارکنگ کی پابندی ہے۔