وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بین الاقوامی تعلیمی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی میں مسلم ورلڈ لیگ کی حمایت کو سراہا۔
ملاقات میں اس پر اتفاق ہوا کہ کانفرنس سے اس اہم موضوع پر عالمی سطح پر ایک اہم پیغام جائے گا کہ مسلم دنیا لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان مشترکہ منصوبوں کی جلد تکمیل بالخصوص سیرت میوزیم کے قیام کیلئے کام جاری رکھے گا۔
مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کے انتظامات پر مسلم ورلڈ لیگ نے اظہار تشکر کیا۔ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق متفقہ "اسلام آباد ڈیکلریشن" جاری کیا جائے گا۔
مسلم ورلڈ لیگ کے رہنما نے کہا کانفرنس کا اعلامیہ خواتین کی تعلیم کے فروغ کے حوالےسے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ کانفرنس خواتین کی تعلیم پر غلط فہمیاں دور کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
وزیرِ اعظم نے خادم الحرمین شریفین اور سعودی ولی عہد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِاعظم نے اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم کی مذمت کی۔