بھارتی انکم ٹیکس افسران نے حکمران جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے سابقہ رُکن پارلیمنٹ ہرونش سنگھ راٹھور کے گھر پر چھاپا مار کر کروڑوں روپے کیش، بے نامی امپورٹڈ گاڑیاں اور زیورات برآمد کرلیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیاستدان کے گھر میں موجود ایک تلاب سے افسران کو 3 مگر مچھ بھی ملے جنہیں محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مگر مچھوں کی صحت کے حوالے سے معائنہ کر کے عدالت کو آگاہ کیا جائے گا، سابقہ رکن اسمبلی پر ٹیکس چوری کے وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں گزشتہ ہفتے انکم ٹیکس افسران نے ٹیکس چوری کی شکایت ملنے پر بھارتی حکمران جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے سابقہ ایم ایل اے ہرونش سنگھ اور سابقہ کونسلر راجیش کیشورانی کے گھروں پر چھاپے مارے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ملزمان سے 155 کروڑ روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا ہے جس میں سونے چاندی کے زیورات اور کروڑوں روپے کی نقدی شامل ہے۔