• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمیم اقبال اور ایلکس ہیلز کے درمیان جھگڑے کی تفصیل سامنے آگئی

بنگلادیش کے تمیم اقبال اور انگلینڈ کے کرکٹر ایلکس ہیلز کے درمیان جھگڑے کی تفصیل سامنے آگئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 9 جنوری کو دونوں کرکٹرز کا جھگڑا بنگلادیش پریمیئر لیگ کا ایک میچ ختم ہونے کے بعد ہوا۔

اس حوالے سے ایلکس ہیلز نے کہا ہے کہ تمیم اقبال بول رہے تھے کہ کیا میں منشیات کی وجہ سے لگنے والی پابندی پر شرمندہ ہوں، وہ پوچھ رہے تھے کہ کیا میں اب بھی منشیات لے رہا ہوں، تمیم اقبال بہت بدتمیزی کر رہے تھے۔

ایلکس ہیلز نے کہا کہ یہ واقعی بہت شرم کی بات ہے کیونکہ اگر میدان میں کچھ ہوتا ہے تو اسے وہیں ختم ہونا چاہیے، گیم کے بعد ذاتیات پر حملے کرنا بہت برا عمل ہے۔

دوسری جانب تمیم اقبال نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ایلکس ہیلز نے ٹیم کے ایک کھلاڑی کو برا بھلا کہا جو کہ ٹی وی پر بھی دکھ رہا تھا۔

تمیم اقبال نے کہا کہ اگر آپ جشن کی ویڈیو دیکھیں تو ٹیم کے کھلاڑی جیت کے بعد دوسرے کھلاڑی کی طرف بھاگے لیکن ایلکس ہیلز میری طرف دیکھتے رہے اور میرا مذاق اڑاتے رہے۔

بنگلادیشی کھلاڑی نے کہا کہ ایلکس ہیلز نے جب میری ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ دوبارہ بدتمیزی کی تو مجھے اپنے ساتھی کے لیے کھڑا ہونا پڑا اور مجھے ایسا کرنے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔

تمیم اقبال نے کہا کہ میں ایلکس ہیلز کی پابندی کے بارے میں نہیں جانتا تھا اور نہ ہی میں ان کو فالو کرتا ہوں لیکن میں جانتا ہوں کہ انگلینڈ میں ان کے خلاف بہت سے الزامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی میرے یا میری ٹیم کے بارے میں کچھ کہے گا تو میں ہمیشہ کھڑا ہوں گا، اس سے قطع نظر کہ مجھے ٹی وی پر کس طرح پیش کیا جاتا ہے۔


واضح رہے کہ ایلکس ہیلز پر 2019ء میں منشیات کے استعمال میں ملوث ہونے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید