چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آج ملیر ایکسپریس وے کے فیز ون کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے فیز ون کا آج کھولا جائے گا، ملیر ایکسپریس وے سندھ بلکہ پاکستان کا سب سے بڑا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ ہے، آج قیوم آباد سے شاہ فیصل تک ملیر ایکسپریس وے پروجیکٹ کے 9.1 کلومیٹر کا جزوی افتتاح کیا جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق ملیر ایکسپریس وے کی کل لمبائی 39 کلو میٹر ہے، یہ منصوبہ کورنگی کریک ایونیو سے شروع ہو کر ملیر ندی تک پھیلا ہوا ہے۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے ایک جدید ترین، تیز رفتار، 6 رویہ کوریڈور ہے، منصوبے کی کل لاگت 55 ارب روپے ہے، سندھ حکومت جس کے لیے تقریباً 32 ارب روپے فراہم کر رہی ہے، پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ، کمرشل بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں نے 23 ارب روپے کا حصہ ڈالا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ منصوبہ کراچی کے شہریوں کی نقل و حمل میں ایک نئے دور کے آغاز کی نشاندہی کرتا ہے، ملیر ایکسپریس وے کو خصوصی جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے، یہ بڑے صنعتی زونز کو جوڑے گا اور کراچی کے روڈ نیٹ ورک پر بوجھ کو کم کرے گا۔