اکوئٹہ(پ ر)بلوچستان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن (بی ایم ٹی اے) کے مرکزی ترجمان نے سول اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی ہیلتھ کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے نام پر کسی بھی فرد پر حملہ کرنا نہ صرف اخلاقی اور معاشرتی اقدار کے منافی ہے بلکہ ایسے اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں۔ترجمان نے اس امر پر زور دیا کہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے دائرے میں لا کر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے ناخوشگوار حالات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن عوام کو بلا تعطل طبی خدمات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ پرتشدد اور اشتعال انگیز رویوں کی مخالفت کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ترجمان نے کہا کہ بی ایم ٹی اے صحت کے شعبے میں اصلاحات کی اہمیت کو نہ صرف تسلیم کرتی ہے بلکہ اس کی بھرپور حمایت بھی کرتی ہے۔ عوامی مفاد میں صحت کے نظام میں بہتری کے لیے مثبت اور تعمیری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایسوسی ایشن ہر ایسے اقدام کی حمایت جاری رکھے گی جو عوام کی فلاح و بہبود اور صحت کے نظام کو مستحکم کرنے میں مددگار ہو۔انہوں نے کہا کہ بی ایم ٹی اے اپنے فرائض کی انجام دہی میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور عوام کی خدمت کے مشن کو ایمانداری اور خلوص کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ تنظیم کسی بھی غیر قانونی یا غیر اخلاقی رویے کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور مثبت اقدار کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔