میرے بیٹے کی پی ایچ ڈی مکمل ہوگئی ہے،
ڈوڈو نے مطلع کیا۔
ماشا اللہ ماشا اللہ، میں نے مبارک باد دی،
کس موضوع پر؟
کم زور دل والے ان ادھیڑ عمر شعرائے کرام کی شاعری پر
جن کی غزلوں کے پہلے مصرع میں
سکتہ پڑتا ہے، ڈوڈو نے بتایا۔
میرے ڈاکٹر بیٹے کی بھی اسپیشلائزیشن مکمل
ہوگئی ہے، میں نے آگاہ کیا۔
ماشا اللہ ماشا اللہ، ڈوڈو نے مبارک باد دی،
کس چیز میں؟
میں نے کہا، کم زور دل والے ان ادھیڑ عمر شعرائے کرام کے طبی مسائل میں
جنہیں غزل کے موضوعات دیکھ کر سکتہ پڑتا ہے۔