حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکراتی کمیٹیوں کی تیسری نشست 16 جنوری کو ہوگی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور اسد قیصر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں اتفاق کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر مذاکراتی کمیٹی کا تیسرا اجلاس بروز جمعرات دن ساڑھے 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
مذاکراتی کمیٹی کا یہ تیسرا اجلاس ہوگا، اجلاس میں پی ٹی آئی تحریری طور پر اپنے مطالبات پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2 جنوری کو حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی دوسری نشست ہوئی تھی، جس میں تحریک انصاف نے تحریری چارٹر آف ڈیمانڈ پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حکومت اور تحریک انصاف بات چیت جاری رکھیں گی، تیسری میٹنگ اگلے ہفتے ہوگی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا تھا۔ جس کے مطابق پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مطالبات اگلی ملاقات میں تحریری طور پر پیش کیے جائیں گے۔
دوسری جانب گزشتہ روز پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان نے اڈیالا جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تھی۔