پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شیر افضل مروت کا معاملہ بھی اٹھایا گیا، شیر افضل مروت نے کہا کہ میرے شوکاز پر سینیٹ اور قومی اسمبلی ممبران پر مشتمل کمیٹی بنا دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت نے کہا پہلے بھی ایک کمیٹی بنائی جس میں یکطرفہ سوچ کے حامل افراد کوشامل کیا گیا، شیر افضل مروت نے مطالبہ کیا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے دو دو ممبران کو کمیٹی میں شامل کیا جائے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ کمیٹی کے سامنے شوکاز کے معاملے پر جواب دوں گا اور مطمئن کروں گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی نے ارکان کو میڈیا پر کھل کر اختلافی بیانات دینے سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کو پارٹی نے شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
شیر افضل مروت کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
شوکاز نوٹس کے متن کے مطابق شیر افضل مروت کو بطور ممبر اسمبلی و کور کمیٹی مذاکرتی عمل کا مکمل ادراک ہے، بطور ممبر ان کو کسی مذاکراتی ٹیم ممبر کے خلاف بیان نہیں دینا چاہیے۔