• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی 2024میں کئے گئے اقدامات کی رپورٹ جاری

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے 2024 کے دوران ناقص خوراک کے تدارک اور فوڈ سیفٹی کلچر کے فروغ کیلئے کئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ میں اتھارٹی حکام کی جانب سے سال بھر کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع اور شہروں میں کی گئی کارروائیوں اور آگاہی مہمات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ کارکردگی رپورٹ کے مطابق 2024 میں بی ایف اے نے مجموعی طور پر 19,436 مراکز کا معائنہ کیا۔ ناقص اور ملاوٹی خوراک کی فراہمی پر کارروائی کرتے ہوئے 54 یونٹس کو سیل جبکہ 3,033 مراکز پر کل 43.55 ملین روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔دودھ، دہی اور کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیاء کے ہزاروں نمونے موقع پر چیک کئے گئے اور 1,459 اشیاء کے نمونے لیبارٹری تجزیئے کے لئے بھیجے گئے۔ علاوہ ازیں غیر معیاری، ملاوٹ زدہ، ایکسپائرڈ اور ممنوعہ اشیاء کی بڑی مقدار کو ضبط کرکے تلف کیا گیا۔ مزید برآں اتھارٹی نے عوام اور کاروباری افراد کو فوڈ سیفٹی کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی مہمات بھی چلائیں جبکہ فوڈ سیفٹی کے فروغ کے لئے بی ایف اے نے مختلف آگاہی سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا۔ ان پروگرامز میں اشیائے خوردونوش کے کاروبار سے وابستہ افراد اور فوڈ ہینڈلرز کو مدعو کیا گیا، جہاں انہیں فوڈ سیفٹی کے اصولوں اور معیاری خوراک کی فراہمی کی اہمیت سے روشناس کرایا گیا۔ اتھارٹی کے ٹیکنیکل ونگ نے صوبے کے مختلف اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کا دورہ بھی کیا، جہاں طلبہ اور اساتذہ کو حفظان صحت کے اصولوں اور مناسب خوراک کے انتخاب کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ اتھارٹی کے دائرہ کار میں توسیع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیت سے صارف تک خوراک کی تیاری اور ترسیل کے تمام مراحل کی نگرانی کے لئے انسپکشن ٹیمیں دن رات متحرک ہیں ، محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ عوام کو فوڈ سیفٹی کی اہمیت اور ناقص اشیاء کے نقصانات سے آگاہ کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے ،ادارہ نہ صرف معیاری خوراک کی فراہمی کے لئے سرگرم ہے بلکہ عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے بھی بھرپور اقدامات کر رہا ہے جو صوبے میں خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
کوئٹہ سے مزید