اسلام آباد (نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ،بیرسٹر علی ظفر نے مری میں غیرت کے نام پر مبینہ طور پر قتل کی جانے والی سکول ٹیچر، ماریہ صداقت کے قتل کے حوالہ سےسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کیلئے لیگل ٹیم تشکیل دے دی ہے، لیگل ٹیم کی سربراہی راجہ محمدفاروق ایڈووکیٹ کریں گے ، لیگل ٹیم ماریہ قتل کیس میں ٹرائل کورٹ میں پیش ہو گی ، یاد رہے کہ عاصمہ جہانگیر ایڈوکیٹ کی سربراہی میں قائم تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ماریہ صداقت کے قتل کے حوالہ سے پولیس کی تحقیقاتی رپوٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ خاتون نے خود سوزی نہیں کی بلکہ اسے آگ لگاکرمارا گیا ہے اورکمیٹی نے قراردیاتھاکہ اس کیس کو انسانی حقوق کے حوالہ سے ایک ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کیلئے قانونی ماہرین کی خدمات فراہم کی جائیں گی ۔