صدر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔
دفتر خارجہ کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان کا بطور صدر یو اے ای پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا، دوہ اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یو اے ای کے وزرا اور سینئر حکام وفد میں شامل ہوں گے، دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے فروغ میں مدد گار ثابت ہو گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق یواےای کے صدر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ اور علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورہ دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا، دورہ پاک یو اے ای تعلقات کی گہرائی اور مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔