جاپان کے سنیما آئیکون ٹٹسویا ناکاڈائی 92 برس کی عمر میں چل بسے، ان کی موت کی وجہ نمونیا بتائی گئی ہے۔
وہ اپنی متعدد فلموں بالخصوص فلم رن اور ہاراگیری میں ناقابل فراموش اداکاری کے لیے مشہور تھے، ٹٹسویا ناکاڈائی کی موت جاپانی فلم کے سنہری دور کے خاتمے کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ اس سال دنیا بھر کے فلمی شائقین کے لیے اس لحاظ سے افسوسناک رہا ہے کیونکہ کئی معروف فلمی ستارے اس دنیا سے چلے گئے اور آج جاپان نے بھی اپنے ایک بڑے اسٹار کو کھو دیا۔
ٹٹسویا ناکاڈائی جو جاپانی سنیما کی کئی جنریشن کی پہچان بنے، 13دسمبر 1932 کو ٹوکیو میں پیدا ہوئے، کمسنی میں انکے بس ڈرائیور والد کے انتقال کی وجہ سے انکا خاندان مشکلات کا شکار رہا اور آؤیاما منتقل ہوگیا جہاں انھوں نے بڑی سادہ زندگی گزاری۔
اپنی زندگی کی ابتدا ہی سے اداکاری کے شوق نے انھیں ہائییوزا ٹریننگ اسکول پہنچایا اور یہی انکی اداکاری کے عروج کا نقطہ آغاز بنا اور بعدازاں وہ جاپان کے سب سے معروف اداکار بنے۔
انھوں نے جاپان کا مشہور ایکٹنگ اسکول اور تھیٹر کمپنی مومیجوکو قائم کیا۔