• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرا دھرمیندر کی موت کی جھوٹی خبر کو سچ سمجھ بیٹھیں

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

پاکستانی اداکارہ میرا بالی ووڈ لیجنڈ اداکار دھرمیندر کی موت کی جھوٹی خبر کو سچ سمجھ بیٹھیں، جس پر انہوں نے سوشل میڈیا پر اظہارِ افسوس کی پوسٹ بھی شیئر کر دی۔

اداکارہ میرا کسی نہ کسی طرح خبروں میں رہنے کا ہنر جانتی ہیں اور اکثر و نادانستگی میں بھی ایسا کر گزرتی ہیں۔

بھارتی میڈیا پر لیجنڈ اداکار دھرمیندر کی موت کی جھوٹی خبر چلی تھی جسے اداکارہ میرا نے سچ سمجھ لیا اور اس حوالے سے اپنے ردِ عمل کا اظہار بھی کر دیا۔

آج صبح بڑی بھارتی میڈیا ویب سائٹس ہندوستان ٹائمز ، انڈیا ٹوڈے، اے بی پی نیوز، نیوز 18 کے علاوہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اداکار دھرمیندر کی موت کی جھوٹی خبریں چلائی گئیں جن کی اداکار کی اہلیہ،  اداکارہ ہیما مالنی اور صاحبزادی، اداکارہ ایشا دیول نے تردید بھی کر دی، تاہم اداکارہ میرا نے ان جھوٹی خبروں کو سچ سمجھ لیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بالی ووڈ لیجنڈ دھرمیندر کی تصویر کے ساتھ ان کے انتقال پر اظہارِ افسوس کر دیا۔

میرا نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ بالی ووڈ کے لیجنڈری ’ہی مین‘ دھرمیندر کے انتقال پر دل بہت افسردہ ہے، انہوں نے اپنی طاقتور اداکاری کے ذریعے 6 دہائیوں سے زیادہ عرصے تک مداحوں کو مسحور کیے رکھا۔

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ان کی فلموں شعلے، چپکے چپکے اور پھول اور پتھر میں ان کے یادگار کردار ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، ان کی روح کو سکون ملے۔

میرا کی یہ پوسٹ جیسے ہی سامنے آئی اسی وقت سے صارفین کی جانب سے کمنٹس کا تانتا بندھ گیا اور انہوں نے اداکارہ کو بتانے کی کوشش کی کہ دھرمیندر زندہ ہیں، یہی کوشش اداکار یاسر حسین کی جانب سے بھی کی گئی مگر اداکارہ کے کان پر جوں تک نہ رینگی اور 11 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی اداکارہ میرا کی یہ پوسٹ ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر موجود تھی۔

واضح رہے کہ اداکار دھرمیندر کئی روز سے شدید علیل ہیں اور گزشتہ روز ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔

ان کے انتقال کی جھوٹی خبروں پر ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے شدید ردِعمل کا اظہار کیا گیا ہے اور تردید کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

اداکار کی اہلیہ، اداکارہ ہیما مالنی نے بھی ان جھوٹی خبروں پر اظہارِ برہمی کیا ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ یہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ ناقابلِ معافی ہے، یہ چینلز دھرمیندر کے بارے میں ایسی جھوٹی خبریں کیسے پھیلا سکتے ہیں جن کا علاج جاری ہے اور وہ روبہ صحت ہیں، یہ ذلت آمیز اور غیر ذمے دارانہ رویہ ہے، براہِ کرم ہماری فیملی کی پرائیویسی میں دخل اندازی نہ کریں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید