معروف اور سینئر بالی ووڈ اداکار جیتندر گذشتہ روز ممبئی میں زرین خان کیلئے دعائیہ تقریب میں شرکت کے دوران اچانک گر پڑے، جس کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم، ان کے صاحبزادے تشار کپور نے سب نے کہا ہے کہ ان کے والد بالکل خیریت سے ہیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیتندر تقریب میں شرکت کیلئے آ رہے تھے۔ اس موقع پر لی گئی تصاویر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ لمحہ بھر کے لیے اپنا توازن کھو بیٹھے اور زمین پر گر گئے۔ کچھ دیر بعد وہ خود اٹھے اور فوٹوگرافروں سے بات کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔
ایک ویڈیو میں ان کے قریبی دوست اور اداکار جیکی شروف کو بھی ان کے ساتھ دیکھا گیا جو ان کی مدد کر رہے تھے۔
ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے تبصروں میں اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
تشار کپور نے بھارتی ویب سائٹ سے گفتگو میں مداحوں کو یقین دلایا کہ جیتندر بالکل ٹھیک ہیں۔ ان کے مطابق وہ معمولی سا پھسل گئے تھے۔
خیال رہے کہ اداکار سنجے خان کی اہلیہ زرین خان 7 نومبر کو 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ زرین خان نے شوہر سنجے خان اور چار بچوں، سوزین خان، سمون اروڑا، فرح علی خان اور زید خان کو سوگوار چھوڑا ہے۔