بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کپتانوں کے ایونٹ کے لیے پاکستان آئیں گے یا نہیں؟ اس بات کا فیصلہ تاحال نہ ہو سکا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق روہت شرما کے پاکستان جانے کی کوئی وضاحت نہیں ملی ہے، ان کا کپتانوں کے ایونٹ کے لیے جانا اب تک واضح نہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے کپتانوں کا ایونٹ ممکنہ طور پر 16 یا 17 فروری کو کراچی میں ہو گا۔
اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیو جیت سائیکیا کا کہنا ہے کہ روہت شرما کے پاکستان جانے کے حوالے سے بات چیت نہیں ہوئی، یہ معاملہ ابھی ایجنڈے پر نہیں ہے۔
اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ روہت شرما کے لیے بھارتی بورڈ کو حکومتی اجازت درکار ہے۔
پی سی بی پہلے ہی آئی سی سی سے زور دے کر کہہ چکا ہے کہ سب کچھ پالیسیوں اور روایت کے مطابق ہونا چاہیے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرٹ پر پاکستان کا نام لکھنے کا معاملہ پہلے ہی حل ہو چکا ہے۔
بھارتی سیکریٹری کہہ چکے ہیں کہ آئی سی سی کے قوانین پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء سے قبل کپتانوں کی پریس کانفرنس نہیں ہوئی تھی، ایونٹ میں شریک ٹیمیں ویسٹ انڈیز اور امریکا کے شہروں میں وارم اپ میچز میں مصروف تھیں۔