امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا میں قانون کی عملداری قائم کی ہے، آزادی اظہار رائے پر سنسرشپ ختم کردی ہے، اب امریکا ایک بار پھر آزاد قوم ہے۔
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بائیڈن کی پالیسیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔ بائیڈن مہنگائی اور غیر قانونی تارکین وطن کے معاملات میں ناکام ہوگئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے فوری طور پر انتہاپسند بائیں بازو کی پالیسیاں ختم کرنے کرنے کے لیے کام کیا۔ ہم نے جنوبی سرحدوں سے غیر قانونی دراندازوں کی آمد کو روک دیا ہے۔ امریکا میں قانون کی عملداری قائم کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا صنعت سازی کے شعبے میں بادشاہ بنے گا، دنیا میں اب روزگار کے مواقعوں اور صنعت سازی کےلیے امریکا سے بہتر کوئی ملک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس امریکی تاریخ کی سب سے بڑی کٹوتیوں کا بل پاس کرے گی، اگر کوئی امریکا میں اپنی مصنوعات بنائے گا تو اس کےلیے کارپوریٹ ٹیکس میں 15 فیصد کمی کریں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ ختم کرانے کےلیے بہت جلد روسی صدر پیوٹن سے ملناچاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو کینیڈا کے تیل، گیس اور دیگر مصنوعات کی ضرورت نہیں، ہم دوسری اقوام بشمول کینیڈا سے اپنے لیے احترام کے خواہاں ہیں، کینیڈا جب چاہے امریکا کی ریاست بن سکتا ہے۔