اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کے دفاع میں سامنے آگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایلون مسک پر جھوٹا الزام لگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے نازی سلیوٹ تنازع پر ایلون مسک کا دفاع کرتے ہوئے پوسٹ میں لکھا کہ ایلون مسک اسرائیل کا عظیم دوست ہے۔ انہوں نے 7 اکتوبر کے حماس کے حملے کے بعد اسرائیل کا دورہ کیا اور بارہا اسرائیل کی حمایت جاری رکھی۔
نیتن یاہو کے مطابق ایلون مسک کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے سبب بدنام کیا جارہا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے حمایت پر ایلون مسک نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ ایلون مسک کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کے دوران نازی سلیوٹ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔