انٹر نیشنل لیبر آرگنائزیشن کے مطابق دنیا بھر میں کام کی جگہ پر حادثات کی وجہ سے سالانہ 2.78 ملین اموات ہوتی ہیں۔
مزدوروں کی عالمی ادارے (آئی ایل او) کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 2.78 ملین ملازمین کام کی جگہ پر حادثات یا بیماریوں کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جبکہ مختلف نوعیت کے غیر مہلک 374 ملین حادثات رپورٹ کیے جاتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کام کی جگہ پر حادثات اور غیر محفوظ ماحول کی وجہ سے پیداوار میں کمی ہوتی ہے، علاج معالجے کے اخراجات میں اضافہ ہو جانے کی وجہ سے ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کا معیارِ زندگی بھی متاثر ہوتا ہے۔
پاکستان میں نوکری پیشہ افرادی قوت کی تعداد 25 ملین سے زائد ہے۔
پاکستان میں ہر 1 لاکھ ورکرز میں سے سالانہ 1136 کارکنوں کو کام کی جگہ پر حادثات پیش آتے ہیں۔
جبکہ اعداد وشمار کو اکٹھا کر نے اور مانیٹرنگ کے نظام کی سہولتوں کے مسائل کے باعث بعض اوقات حادثات رپورٹ ہی نہیں کیے جاتے۔
رپورٹ کے مطابق کام کی جگہ پر صحت مند اور محفوظ ماحول کی فراہمی ورک فورس اور ان کے اہلِ خانہ کی صحت پر مثبت اثرات کے ساتھ ساتھ پیداوار میں کمی کے مسائل کے خاتمے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔