سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صحافیوں کی جانب سے پیکا قانون کے خلاف پریس گیلری میں احتجاج کیا گیا۔
احتجاج سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے تحت کیا گیا۔
احتجاج کے دوران صحافیوں نے پریس گیلری میں پیکا قانون کے خلاف نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ صحافیوں کی جانب سے پیکا قانون واپس لینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر نے ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ صحافی احتجاج کر رہے ہیں، ترجمان سندھ حکومت ان سے ملاقات کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عوام پاکستان پارٹی کے کنونیئر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں منظور کیے گئے نئے پیکا ترمیمی بل پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے ’زباں بندی کا قانون‘ اور آزادیٔ صحافت پر حملہ قرار دیا تھا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یہ ترمیمی بل فوری طور پر واپس لیا جائے اور تمام سٹیک ہولڈرز بشمول صحافتی تنظیموں سے مشاورت کے بعد کوئی مناسب قانون سازی کی جائے تاکہ اختلاف رائے کو دبانے کی بجائے ایک متوازن اور شفاف قانون بنایا جا سکے۔