کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت نے پیکا ایکٹ پر ان سے مشاورت نہیں کی ہمیں اگر مذاکرات کی دعوت باضابطہ دی جاتی ہے تو ہم ہر شق پر بات کریں گے ہم اس کو آنکھیں بند کر کے مسترد کرنے کے حق میں نہیں ہیں ،افضل بٹ، نیئر علی، آصف بشیر اور زاہد گشکوری نے سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے پیکا ایکٹ پر تنقید کی ہے ۔ صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ حکومت نے صحافیوں سے مشاورت کے بغیر پیکا ایکٹ قومی اسمبلی سے منظور کروا لیا حالانکہ مشاورت کا وعدہ کیا گیا تھا۔ نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری نیئر علی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں صحافیوں کے تحفظ کا بل پاس ہوا، مگر آج تک اس کے رولز نہیں بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں سے مشاورت کے بغیر قانون سازی کرتی ہے۔ جو غیر منصفانہ ہے۔ سیکرٹری جنرل آر آئی یو جے آصف بشیر چوہدری نے کہا کہ پیکا قانون حکومت کے تنقیدی راستے بند کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے فیک نیوز کی تشریح اور سزاؤں کے نفاذ کو غیر منصفانہ اور عوامی رائے کے خلاف قرار دیا۔