کشمیر یک جہتی فورم جاپان کے چیئرمین شاہد مجید ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ 5 فروری کو ٹوکیو میں اقوامِ متحدہ کے نمائندے کے دفتر اور بھارتی سفارت خانے کے سامنے مظاہرے ہوں گے۔
شاہد مجید ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 5 فروری جاپان سمیت پوری دنیا میں یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے طور پر منایا جائے گا تاکہ کشمیریوں سے یک جہتی کا اظہار کیا جا سکے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کی بھرپور مذمت کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے سے ریاست جموں و کشمیر کی صورتِ حال روز بروز تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، آزادی کی آواز کو دبانے میں ناکام بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری شہید ہو رہے ہیں۔
شاہد مجید نے کہا کہ جاپان میں سیاسی، سماجی و دینی نمائندہ تنظیموں کے ہمراہ 5 فروری کو کشمیر یک جہتی فورم جاپان اور کشمیر کونسل جاپان کی جانب سے ٹوکیو میں اقوامِ متحدہ کے نمائندے کے دفتر میں ایک قرارداد پیش کریں گے جس میں اقوامِ متحدہ کو کشمیر کے عوام سے ان کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کرنے کا وعدہ یاد دلایا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ 5 فروری کو ٹوکیو میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے بھی پُرامن مظاہرہ کیا جائے گا اور بتایا جائے گا کہ بھارت پورے خطے میں اپنا جارحانہ دشمن ایجنڈا نافذ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور پوری دنیا اس خطے میں اپنی نام نہاد بالادستی قائم کرنے کی بھارت کی مایوس کن کوششوں کو بخوبی جانتی ہے۔
شاہد مجید نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 7 دہائیوں سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور جاری رکھیں گے، یہ تحریک آزادی اپنے منطقی انجام تک پہنچنے تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے آس پاس اور دنیا بھر کے پاکستانی و کشمیری ہر سال 5 فروری کو یومِ یک جہتی کشمیر کے طور پر مناتے ہیں تاکہ آزادی کی جدوجہد کے اپنے عہد کی تجدید کی جا سکے۔
شاہد مجید نے اپیل کی کہ نئی دہلی، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں کو زمینی حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جاری تنازع کو حل کرنا چاہیے۔
انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی صورتِ حال روز بروز خراب ہو رہی ہے اور تحریکِ آزادیٔ کشمیر زور پکڑ ریی ہے۔
شاہد مجید نے یہ بھی کہا کہ بھارت خود کو دنیا بھر میں ایک نام نہاد جمہوری چیمپئن کے طور پر پیش کر رہا ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں، انتہا پسند مودی سرکار بھارت میں بسنے والی اقلیتوں پر بے تحاشہ مظالم ڈھا رہی ہے۔