مغربی بنگال کے ایک کالج کے کلاس روم میں پروفیسر کی اپنے طالبعلم سے ’شادی‘ کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
ویڈیو میں شادی کی رسومات جیسے ہلدی لگانے اور پھولوں کے ہار پہنانے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ ندیا ضلع کے ہری نگٹا ٹیکنالوجی کالج کے نفسیات ڈپارٹمنٹ میں پیش آیا، یہ کالج مولانا ابوالکلام آزاد یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
ویڈیوز میں پروفیسر پائل بنرجی کو دلہن کے لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب خاتون پروفیسر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حقیقی شادی نہیں تھی بلکہ تعلیمی سرگرمی کا حصہ تھا، اور یہ ویڈیو کالج کے استعمال کےلیے ہی بنائی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پروفیسر پائل بنرجی کو تحقیقات مکمل ہونے تک چھٹی پر بھیج دیا گیا۔ انتظامیہ نے اس معاملے کی تحقیقات کےلیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ حکام کے مطابق بغیر مکمل تحقیقات کے سخت کارروائی نہیں کی جاسکتی۔
پائل بنرجی نے دعویٰ کیا کہ یہ ایک ’نفسیاتی ڈرامہ‘ تھا جسے وہ اپنے کلاس کے تصورات سمجھانے کےلیے استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ویڈیو ان کی بدنامی کےلیے لیک کی گئی۔