• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو یونیورسٹی کا آرڈیننس تبدیل، ڈپٹی چیئر کا عہدہ ختم، وفاقی وزیر تعلیم پرو چانسلر

کراچی(سید محمد عسکری) وفاقی حکومت نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے معاملات کو بہتر کرنے کے لیے اس کے آرڈیننس میں تبدیلی کے سلسلے میں ترمیمی بل دوبارہ لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وفاقی اردو یونیورسٹی میں ڈپٹی چیئر کا عہدہ ختم کیا جارہا ہے اور اس کی جگہ پرو چانسلر کا عہدہ قائم کیا جارہا ہے جو وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے لیے مختص ہوگا۔ بل میں یونیورسٹی کے اعلی مالی اور انتظامی ادارے سینٹ میں بھی تبدیلی کی جارہی ہے جس کا سربراہ چانسلر ہوگا جب کہ ارکین میں پرو چانسلر، وائس چانسلر ، متعلقہ وزارت کا سکریٹری یا اس کا نامزد کردہ جوائنٹ سکریٹری، چانسلر مختلف شعبوں سے جن میں ماہرین تعلیم، قانون، اکاؤنٹنسی، طب، فنون لطیفہ، زراعت اور فن تعمیرات شامل ہیں سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد، کا تقرر پرو چانسلر کی سفارش پر کرے گا، چانسلر ایک نامور/مقرر ادبی شخص کو پروچانسلر کی سفارش پر مقرر کرے گا اور یونیورسٹی کے تین کیمپس اسلام آباد، گلشن اقبال اور عبدالحق کیمپس سے بذریعہ انتخاب 3 اساتذہ کا تقرر ہوگا۔ بل کے مطابق پرو چانسلر اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے تلاش کے لیے کمیٹی کا سربراہ بھی ہوگا جب کہ اراکین میں متعلقہ وزارت کا سکریٹری اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن شامل ہوں گے جب کہ چار ممتاز ماہرین منجمنٹ اور تعلیم اس کے رکن ہون گے جن کا تقرر پروچانسلر کرے گا۔ بل میں وائس چانسلروں کی مدت 5 برس سے کم کرکے 4 برس کردی گئی ہے جب کہ وائس چانسلر کی عدم موجودگی میں پروچانسلر 120 روز کے لیے قائم مقام وائس چانسلر کا تقرر کرے گا۔ یاد رہے کہ یہ بل پہلے بھی قومی اسمبلی اور سینٹ میں منظور ہوا تھا تاہم اس وقت کے صدر عارف علوی نے 10 اگست 2023 کو بل پر اعتراض لگا کر اسے واپس کردیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید