اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ نےملتان میں ایل پی جی باؤزر کے دھماکہ کا سخت نوٹس لے لیا ۔قائمہ کمیٹی نے ایل پی جی کا ربن ڈائی اکسا ئیڈ مکس کرنے کی تحقیقات اور غیر معیاری ایل پی جی کی فروخت روکنے کے لئے تین رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ایس او پی وضع کرے ۔ یہ ہدایت گزشتہ روز چیئر مین قائمہ کمیٹی سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیرِ صدارت قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کے اجلاس میں دی گئی ۔ اجلاس میں پنجاب میں مختلف حادثات میں ایل پی جی ٹینکرز پھٹنے سے انسانی جانوں کے ضیاع کے ایجنڈے پر تفصیلی بحث ہوئی۔ چیئرمین اوگرا نے بریفنگ میں بتایا کہ ملتان کے نواحی علاقے میں افسوسناک واقعے سے 8 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔