اسلام آباد، کلر سیداں(نمائندہ جنگ) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران چھ خوارج کو ہلاک کر دیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران فوجیوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور چھ خوارج کو ہلاک کر دیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک بہادر افسر میجر حمزہ اسرار جو اپنے دستوں کی قیادت کر رہے تھے اور سپاہی محمد نعیم نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ میجر حمزہ اسرار شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی ۔ نماز جنازہ میں وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے علاوہ سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران اور شہید کے لواحقین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں میجر حمزہ اسرار کو تھانہ روات کی یوسی ساگری کے نواحی توپ مانکیالہ میں فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور فوجی افسران نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ قبل ازیں جب شہید کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے میں لایا گیا تو عوام نے ان کے جسد خاکی پر منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ مرحوم کے سوگواران میں بیوہ سمیت والدین اور دو بھائی شامل ہیں شہید کی ایک ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔