اسلام آباد ( طاہر خلیل ) قومی احتساب بیورو (نیب) ہیڈکوارٹر زاسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں نیب اور وزارتِ بیرونِ ملک پاکستانیز و انسانی وسائل کے زیرِ انتظام اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے مابین مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوئے،او پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل (ویلفیئر اینڈ سروسز ڈویژن) لائیقہ امبرین اور نیب کے ڈائریکٹر جنرل (اے اینڈ پی) اظہار احمد اعوان نے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد و دیگر کی موجودگی میں ایم او یو پر دستخط کیے،اس موقع پر چیئرمین نیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیب اوور سیز پاکستانیوں کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے والوں کو قانون کے تحت قرار واقعی سزائیں دلوائے گا۔ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو ) کودونوں اداروں میں باہمی تعاون اور حکمت عملی کا فریم ورک تشکیل دینے کیلئے وضع کیا گیا ہے تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرکے ان کی شکایات دور کی جا سکیں۔