بالی ووڈ کے اسٹار اداکار عامر خان غار میں رہنے والوں کا روپ دھار کر ممبئی کی سڑکوں پر آگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کی ممبئی کی سڑکوں پر کیے گئے منفر اسٹنٹ کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔
لمبی ڈاڑھی، مختلف لباس اور منفرد انداز اسٹار اداکار کے ڈرامائی روپ کے باعث لوگ انہیں پہچان نہیں سکے۔
ایک پاپارازی کی پوسٹ کردہ ویڈیو میں انکشاف کیا گیا کہ ممبئی کی مصروف عام سڑکوں پر پراسرار داڑھی اور پھٹے کپڑوں میں گھوم رہا شخص کوئی اور نہیں سپر اسٹار عامر خان ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکار نے لمبے، بے رنگ بال اور گھنی داڑھی اور ناہموار شکل بنا رکھی ہے، اُن کا انداز بالکل غار میں رہنے والوں سے ملتا جلتا تھا۔
عامر خان کو ویڈیو میں گاڑی دھکیلتے، رکشوں اور پیدل چلنے والوں کے ساتھ گھومتے دیکھا جاسکتا ہے، لیکن کوئی بھی انہیں پہچان نہیں سکا، کئی نوجوان بھی اداکار کی موجودگی سے بے خبر نکلے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے باوجود عامر خان نے تاحال منفرد اسٹنٹ کی وجوبات کا ذکر نہیں کیا۔
دوسری طرف سوشل میڈیا پر مداحوں نے ردعمل دیا اور استفسار کیا کہ ’یہ انداز کیا کسی نئی فلم کے لیے ہے؟ ایک نے کہا ’ضرور یہ کسی اشتہاری شوٹ کا حصہ ہوگا‘۔
عامر خان اس سے قبل دنگل، گجنی اور لال سنگھ چڈھا میں پرفارمنس کےلیے رنگ روپ بدل چکے ہیں، اُن کی اگلی فلم ستارے زمین پر ہے، جو دسمبر میں ریلیز ہوگی۔