• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرح نادر نے تیسرے درجے کے کینسر کو شکست کیسے دی؟


معروف پاکستانی اداکارہ فرح نادر نے انکشاف کیا ہے کہ تیسرے درجے کے کینسر کی تشخیص کے بعد بھی دورانِ علاج بستر پر آرام کرنے کے بجائے معمولاتِ زندگی جاری رکھے۔

انہوں نے اس راز سے بھی پردہ اُٹھا دیا کہ کس طرح انہوں نے موذی مرض کینسر کو اسٹیج تھری پر شکست دی اور زندگی کی بازی جیت لی۔

حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پرگرام میں شرکت کی اور مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

گزشتہ برس اپنی بیٹی کی شادی کرنے والی سینئر اداکارہ نے بتایا کہ ان میں 2023ء میں گردے کے تیسرے درجے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ بیماری کے بارے میں جاننے کے بعد اس کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا بلکہ کوشش کی کہ مثبت رہوں کیونکہ مثبت رہنے کے اثرات صحت پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

فرح نادر نے بتایا کہ کینسر کا ہر طرح کا علاج کروایا، آپریشن ہوا، کیمو تھراپیز ہوئیں، ریڈی ایشنز کے سیشن ہوئے، مگر ہمت نہیں ہاری، اس کے ساتھ کام میں بھی ذہنی تناؤ کا شکار نہیں ہوئی۔

اداکارہ کے مطابق کینسر کے زیادہ تر مریض ذہنی تناؤ کے سبب بیماری کا مقابلہ نہیں کر پاتے، ذہنی تناؤ سے دور رہنے کے لیے علاج کے ساتھ ساتھ روحانی علاج کا بھی سہارا لیا۔

انہوں نے قرآنی اذکار کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے جسم میں موجودخلیات اور اعضاء پر قرآنی اذکار کا مثبت اثر ہوتا ہے، اس لیے آپ کوئی آیت یا سورۃ جیسے سورۃ الرحمٰن یاد کر لیں اور اس کا ورد جاری رکھیں، اس سے بہت شفا ملتی ہے۔

فرح نادر نے یہ بھی بتایا کہ میں نے اس کے ساتھ ’حم لاینصرون‘ کا ورد کیا اور جسے بھی کینسر کا مرض ہے وہ علاج کے ساتھ ساتھ اس کا ورد کر سکتا ہے، اس سے روحانی طور پر اندرونی طاقت ملتی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید