پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبور علی اور اداکار علی انصاری کے گھر جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اداکارہ صبور علی کی گود بھرائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہو گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اس فنکار جوڑی کو پھولوں کے ہار پہنے خوش و خرم انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ گود بھرائی کے لیے مختصر تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔
گود بھرائی کی رسم میں روایتی انداز میں مختلف اقسام کی مٹھائیاں، پھل اور گری دار میوہ جات ٹیبل پر رکھے ہیں جبکہ جلد والدین بننے والی اس جوڑی پر پھولوں کی پتیاں بھی ڈالی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر اداکارہ نے اپنی مرحوم والدہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے وہی نیکلس (ہار) پہنا ہے جسے ان کی بڑی بہن اداکارہ سجل علی نے اپنی شادی کے موقع پر پہنا تھا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی مداحوں کی جانب سے اس جوڑی کے لیے مبارک باد اور نیک خواہشات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والی اس جوڑی نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔
انہوں نے فی الحال اپنے مداحوں کو ننھے مہمان کی آمد کے حوالے سے کوئی اعلان یا اپ ڈٹ نہیں دی ہے۔
اس جوڑی نے بھی اداکارہ حبا بخاری اور اداکار آریز احمد کی طرح اس معاملے کو نجی رکھا ہے۔