• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویڈیو: فلاڈیلفیا طیارہ حادثہ، طیارے کے ٹکڑے ریسٹورنٹ سے ٹکراگئے


امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں طیارہ حادثے کے وقت ریسٹورنٹ میں کھانا کھاتے لوگوں میں افراتفری پھیل گئی۔ 

غیرملکی میڈیا کے مطابق فلاڈیلفیا میں ایک خوفناک فضائی حادثے نے شہر کو لرزا کر رکھ دیا، ایک میڈیکل ایئر ایمبولینس طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 7 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔

یہ حادثہ جمعہ کے روز فلاڈیلفیا کے شمال مشرقی ہوائی اڈے سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور پیش آیا جب ایک جیٹ طیارہ، جو میکسیکو کے شہر تیجوانا جا رہا تھا، گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں ایک نو عمر مریض، اس کی والدہ، اور چار عملے کے افراد سوار تھے۔

حادثے کے نتیجے میں طیارے کے ملبے کے ٹکڑے قریبی ریسٹورنٹ کی کھڑکیوں سے ٹکرا گئے، جس سے اندر موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ 

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسٹورنٹ میں موجود افراد جان بچانے کےلیے جھک رہے ہیں جبکہ دھاتی ٹکڑے ایک بوڑھے شخص کو جا لگے، جسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔

طیارہ حادثے میں کئی گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں، عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ملبہ دور دور تک بکھرا ہوا نظر آرہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل واشنگٹن ڈی سی کے قریب بھی ایک فضائی حادثہ پیش آیا تھا، جس میں ایک مسافر طیارہ اور امریکی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے تھے، جس کے نتیجے میں 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید