ہر جگہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے چرچے ہیں، جس نے ڈیجیٹل دنیا کو تو حیران کیا ہی ہے لیکن اب وہ باورچی کی مہارت ناپنے کا کام بھی کرنے لگا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلور کے ایک آئی ٹی ایکسپرٹ نے ایسا اے آئی ٹول تیار کیا ہے جو کم از کم گھروں میں گول روٹی کی بحث ختم کردے گا۔
جی ہاں آپ نے بالکل ٹھیک پڑھا، اب کھانے کے دوران گول روٹی پر ہونے والی بحث سے نجات حاصل کرنے کا وقت آگیا اور گھروں کی خواتین کو اپنی بنائی گئی روٹیوں کی گولائی کے بارے میں وضاحتیں پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
بنگلور کے ایک آئی ٹی ایکسپرٹ نے گھر کی خواتین کی یہ مشکل آسان بنادی ہے اور ایسا اے آئی ٹول متعارف کروادیا جو روٹی کو اسکی گولائی کے مطابق نمبرز دیتا ہے۔
روٹی چیکر ڈاٹ اے آئی کے نام سے بنایا گیا یہ اے آئی ٹول روٹی کی اوپر سے لی گئی تصویر کو اسکین کرکے اسکے سرکل کا مشاہدہ کرتا ہے اور پھر اس سے متعلق اپنا اسکور بتاتا ہے۔
اس ڈیویلپر نے سوشل میڈیا پر ایک میم کا سہارا لیتے ہوئے ایپ سے متعلق تصویر بھی شیئر کی۔ میم میں ایک شخص لڑکی سے اسکی روٹی کا اسکور پوچھتا ہے جس پر لڑکی بتاتی ہے 91، پھر لڑکا چلا اٹھتا ہے کہ "ماں، بہو مل گئی۔"
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپ کی جانب سے دیا گیا 91 کا اسکور بہترین روٹی کی علامت ہے۔
سوشل میڈیا صارفین بھی اس پوسٹ پر اپنے تبصرے کیے بغیر نہ رہ سکے، ایک صارف نے لکھا "یہ آخری سال کا پروجیکٹ ہے۔" جبکہ ایک بولا "اب یہ ایپ شادیاں طے کرتے وقت استعمال ہوگا۔"
ایک صارف نے بھارتی آئی ٹی ایکسپرٹ پر تنقید کی اور کہا کہ چین ڈیپ سیک جیسی ٹیکنالوجی لارہا ہے، جبکہ ہم روٹی چیکر بنارہے ہیں۔