• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط، صدر زرداری شریک


بیجنگ میں منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان اور چین کے مابین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

تقریب میں صدر آصف علی زرداری، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ٹھٹہ سیمنٹ کمپنی اور چین کے چنگ گانگ کنسٹرکشن گروپ کے مابین ایم او یو پر دستخط ہوئے۔

پاکستان میں سیمنٹ کی پیداوار میں 5 ہزار ٹن یومیہ اضافے کے لیے پروڈکشن لائن لگائی جائے گی۔

محکمۂ توانائی سندھ اور چین کی منگ یانگ قابلِ تجدید توانائی کمپنی کے مابین ایم او یو پر بھی دستخط ہوئے۔

یادداشت کے تحت پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی کے مختلف منصوبوں پر تعاون کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ حکومتِ سندھ اور چینی کمپنی میں کوئلے کی گیسیفکیشن اور یوریا پلانٹ کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔

پاک چین مشترکہ اعلامیہ

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چین نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی میں مکمل حمایت کی ہے، سی پیک کو اپ گریڈ کر کے جدید ترقیاتی راہداری بنایا جائے گا۔

پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی گئی، پاکستان اور چین نے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی و ٹیکنالوجی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اور دونوں ممالک نے خلا میں تعاون مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان اور چین نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

چین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے

مشترکہ اعلامیے میں کہا یہ بھی کہا گیا کہ افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی ہونی چاہیے جبکہ پاکستان اور چین نے فلسطین کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے صدر شی جن پنگ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

قومی خبریں سے مزید