• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی اٹارنی جنرل کی جوبائیڈن کے فیصلے کو واپس لینے کی کوششیں

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی نے سابق صدر جو بائیڈن کے فیصلے کو واپس لینے کے لیے کوششیں شروع کر دیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی صدارت کے بالکل آخری دنوں کے دوران گزشتہ ماہ سزائے موت کے مجرموں کی سزا عمر قید میں تبدیل کر دی تھی۔

سابق صدر جو بائیڈن نے وفاقی قوانین کے تحت سزائے موت پانے والے 40 میں سے 37 افراد کی سزا عمر قید میں تبدیل کی تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق اب پام بونڈی نے بدھ کو محکمۂ انصاف کو لکھے گئے خط میں سابق صدر جو بائیڈن پر نظامِ انصاف کو نقصان پہنچانے اور قانون کی حکمرانی کو خراب کرنے کا الزام لگایا ہے۔

خط میں محکمۂ انصاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ 37 مقتولین کے لواحقین کے لیے انصاف کے حصول کے لیے فوری طور پر کارروائیاں شروع کی جائیں۔

انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ متاثرین کے خاندانوں کو ایک عوامی فورم فراہم کرنے کے مواقع تلاش کیے جائیں تاکہ یہ افراد اظہار کر سکیں کہ انہیں قوانین میں کی جانے والی تبدیلی نے کس طرح متاثر کیا۔

پام بونڈی نے کہا ہے کہ وہ امریکی اٹارنی کے دفاتر کو ہدایت دیں گی کہ وہ وفاقی قانون کے بجائے ریاستی قانون کا استعمال کرتے ہوئے قیدیوں کی سزائے موت پر عمل درآمد کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ قدم متاثرین کے اہلِ خانہ اور دیگر متعلقہ افراد کے ساتھ مشاورت کے بعد قانونی طور پر اٹھایا جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید