• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آوارہ کتے ’لڈو‘ کی سالگرہ کی دھوم، ویڈیو وائرل

فوٹوز انسٹاگرام
فوٹوز انسٹاگرام

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں منچلوں نے آوارہ کتے کی زبردست انداز میں سالگرہ مناکر سب کو حیران کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے علاقے دیواس میں جانوروں سے محبت کرنے والے نوجوانوں نے ایک گلی کے کتے "لڈو" کی سالگرہ دھوم دھام سے منائی، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ  نوجوانوں کا ایک گروپ "لڈو بھائی" کو جیپ میں گھما رہا ہے، جہاں وہ پھولوں کے ہار پہنے کار کے آگے بیٹھا ہوا ہے۔

اس دوران علاقے میں کئی بڑے ہورڈنگز بھی لگائے گئے، جن میں سے ایک پر لکھا تھا: "ہمارے پیارے، وفادار، خونخوار لڈو بھائی کو جنم دن کی لاکھ لاکھ مبارکباد" جبکہ دوسرے ہورڈنگ پر مقامی نسل کے کتوں کو گود لینے کا پیغام دیا گیا تھا۔

 نوجوانوں نے اس کتے "لڈو بھائی" کےلیے خاص طور پر کیک خریدنے کے بعد  سالگرہ کا گیت بھی  گایا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر "لڈو بھائی" کے نام سے ایک خصوصی اکاؤنٹ بھی بنایا گیا ہے، جہاں اس کتے کی مزید ویڈیوز شیئر کی جاتی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے آوارہ کتے کی سالگرہ منانے کے انداز کو خوب پسند کیا جارہا ہے اور اس پر مختلف قسم کے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید