فیصل آباد ( خبر نگارخصوصی ) ڈی سی او سلمان غنی نے جھنگ روڈ کی کشادگی کے تعمیراتی منصوبے کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران و ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ اس سڑک کی توسیع کے کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے ۔ سڑک کی پائیداری کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں سڑک کی ہمواری میں فرق نہیں آنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے خم کو بھی سیدھا کرنے کے لئے اضافی تعمیراتی کام کو منصوبے میں شامل کریں ۔ ڈی سی او نے کہا کہ گرین بیلٹ میں پودے اور درخت متاثر نہیں ہونے چاہئیں اور سڑک کی تکمیل کے بعد گرین بیلٹ کی تزئین و آرائش کا کام بھی فوری مکمل کریں ۔ ڈی سی او نے کہا کہ شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لئے مختلف منصوبے تجویز کئے گئے ہیں جن میں مختلف شاہراہوں کی کشادگی اور چوکوں کی ری ماڈلنگ شامل ہے ۔ ڈی او روڈز افتخار احمد نے ڈی سی او کو منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔