امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی فوجداری عدالت انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) پر پابندیاں لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ آئی سی سی پر پابندیاں لگانے کے حکم نامے پر آج دستخط کریں گے، ٹرمپ امریکا اور اسرائیل سمیت دیگر اتحادیوں کےخلاف اقدامات کرنے پر آئی سی سی پر پابندیاں لگا رہے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی فیصلے سے آئی سی سی تحقیقات میں شامل عملے اور ان کے اہلخانہ پر مالیاتی اور ویزہ پابندیاں عائد ہوں گی۔
خیال رہے کہ پچھلے سال آئی سی سی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور دیگر کے گرفتاری وارنٹ جاری کیے تھے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے منصوبے کے مطابق جنگ خاتمے کے بعد اسرائیل کے ذریعے غزہ پٹی امریکہ کے حوالے کر دی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ آہستگی اور احتیاط سے غزہ کی تعمیر شروع کرے گا، غزہ تعمیر نو اپنی نوعیت کی سب سے عظیم اور سب سے شاندار پیش رفت میں سے ایک بن جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ غزہ میں ترقی کی تعمیر کے لیے دنیا بھر کی ترقیاتی ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کرے گا، غزہ کے لیے امریکہ کو کسی فوجی کی ضرورت نہیں ہوگی۔