متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میڈیکل کالجز میں کراچی کے کوٹے پر اندرونِ سندھ، پنجاب اور دیگر صوبوں کے 100 سے زائد طلبہ کو داخلے دیے گئے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک بار پھر کراچی کے طلبہ کے ساتھ کھلی زیادتی کی جا رہی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ کراچی کےطلبہ کے لیے میڈیکل کالجز میں مخصوص کوٹہ اندرونِ سندھ کو دینےکا منصوبہ ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے مزید بتایا کہ غیر قانونی کام کو قانونی بنانے کے لیے ضلع شرقی و دیگر اضلاع کے جعلی ڈومیسائل بنائے جا رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ دیگر جامعات میں مقامی ضلع اور شہر کے طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر داخلے دیے جاتے ہیں لیکن کراچی وہ واحد شہر ہےجہاں ترجیحی بنیادوں پر غیر مقامی طلبہ کو داخلے دیےجا رہے ہیں۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ کراچی کا مستقبل پاکستان کا مستقبل ہے جسے سندھ کے متعصب حکمران تباہ کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس کراچی کے طلبہ کو انصاف فراہم کرنے کے لیے سو موٹو ایکشن لیں۔