بھارتی ایئرلائن کے ایک طیارے میں ونڈو سیٹ سے کھڑکی ہی غائب ہے جس سے متعلق مسافر کی شکایت پر مبنی پوسٹ وائرل ہوگئی۔
فلائٹ کی بکنگ کرتے وقت زیادہ تر مسافروں کی پہلی ترجیح ونڈو سیٹ ہوتی ہے، لیکن اگر کوئی ونڈو سیٹ لے اور پھر بھی وہاں دیوار نکلے تو؟
یہ دلچسپ واقعہ بھارتی ایئرلائن کی ایک فلائٹ میں اس وقت پیش آیا جب اضافی رقم دے کر ونڈو سیٹ لینے والا مسافر ایسی سیٹ پر بیٹھا جہاں ونڈو ہی موجود نہیں تھی۔
مذکورہ واقعہ ایک اسپورٹس چینل کے ملازم پردیپ متو کے ساتھ پیش آیا جس نے اس صورتحال کو مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا۔
انہوں نے دیوار کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے طنزیہ پوسٹ کیا، ’انڈیگو ایئرلائن! میں نے ونڈو سیٹ کیلئے پیسے دیے تھے، ونڈو کہاں ہے؟‘
مسافر کی یہ سوشل میڈیا پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، جس پر نہ صرف لوگوں کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوا بلکہ اس سروس کا استعمال کرنے والے مسافروں نے اپنے ساتھ ہوئے تلخ تجربات بھی بیان کردیے۔
ایئرلائن نے پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا، ’ہمیں اس صورتحال پر تشویش ہے۔ براہ کرم اپنی فلائٹ کی تفصیلات شیئر کریں تاکہ ہم مزید مدد فراہم کر سکیں۔‘