• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین: اسٹریٹ لائٹ کے کھمبے میں اگنے والے بانس نے دنیا کو حیران کر دیا

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

چین میں ایک بانس کا پودا 6 میٹر اونچے دھاتی اسٹریٹ لیمپ کے اندر سے اگتا ہوا دوسری جانب سرسبز پتے نکالنے میں کامیاب ہو گیا اور اپنے اس عمل سے حوصلے، استقامت اور جدوجہد کی علامت بن گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے صوبے ژی جیانگ کے ضلع شن چانگ میں واقع ورلڈ ٹریڈ پلازہ کے قریب ایک باریک بانس کا تنا کسی طرح لیمپ پوسٹ کے اندر سے گزر گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی ہے۔

’ناقابلِ شکست بانس‘ کا نام پانے والے اس پودے کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ پودا لیمپ پوسٹ سے چند سینٹی میٹر کے فاصلے پر اگا اور نچلے حصے میں موجود ایک چھوٹے سے سوراخ کے ذریعے اندر داخل ہو گیا۔

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

عام طور پر زیادہ تر پودے مکمل اندھیرے میں اچھی نشوونما نہیں کر پاتے، لیکن اس بانس نے حیران کن طور پر اس مشکل ماحول میں بھی اپنی افزائش جاری رکھی اور لیمپ پوسٹ کے اندر سے سفر کرتے ہوئے اوپر کی جانب پہنچ گیا، جہاں دوسری طرف اس نے ہرے بھرے پتوں کا ایک گچھا نکال لیا۔

ماہرین کے مطابق بانس اندھیرے میں بھی بڑھ سکتا ہے کیونکہ اس کا جڑوں کا نظام مضبوط اور وسیع ہوتا ہے، جبکہ زیرِ زمین تنوں کی مدد سے وہ مٹی میں گہرائی تک جا کر پانی اور غیر نامیاتی غذائی اجزا حاصل کر لیتا ہے، جس سے ابتدائی مراحل میں روشنی کے بغیر بھی اس کی نشوونما ممکن ہو جاتی ہے۔

اس غیر معمولی بانس کی ویڈیو جیا نامی شخص نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہے، جس کے مطابق وہ اپنے بچوں کے ساتھ وہاں سے گزر رہا تھا کہ لیمپ پوسٹ کے اوپر سبز پتوں کا گچھا دیکھ کر چونک گیا اور یہ منظر اسے دلچسپ لگا، جس کی اس نے ویڈیو بنا لی، مگر اسے یہ اندازہ نہیں تھا کہ یہ کلپ سوشل میڈیا پر اتنا مقبول ہو جائے گا۔

یہ ویڈیو لاکھوں بار دیکھی گئی اور یہ مضبوط بانس راتوں رات شہرت حاصل کر گیا، لوگ اس عجوبے کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے آنے لگے، جبکہ بعض والدین اپنے بچوں کو بھی ساتھ لائے تاکہ انہیں حوصلے، ثابت قدمی اور زندگی کی طاقت کا مفہوم سمجھا سکیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید