• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافی سے تلخ کلامی پر فیروز خان کی حمایت پر حمیمہ تنقید کی زد میں

کولاج بشکریہ سوشل میڈیا
کولاج بشکریہ سوشل میڈیا 

پاکستان انڈسٹری کی معروف اداکارہ و سپر ماڈل حمیمہ ملک نے اپنے بھائی، اداکار فیروز خان سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری تنازع پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

حمیمہ ملک نے فیروز خان اور خاتون صحافی کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی پر ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی معروف شخصیت ہو، اسے معروف بنانے میں میڈیا نہیں بلکہ مداح کردار ادا کرتے ہیں، میڈیا صرف اداکاروں اور فینز کے درمیان ایک میڈیم ہے، میڈیا ایک راستہ ہے جہاں سے ہم لوگوں تک پہنچتے ہیں۔


جیو انٹرٹیمنٹ کی فلم ’مولا جٹ‘ کی ’دارو‘ نے اپنے ویڈیو پیغام کے اختتام پر مداحوں سے بھی اس معاملے پر رائے مانگی ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی صارفین اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

کئی صارفین کی جانب سے حمیمہ ملک کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ اگر میڈیا ہی نہیں ہوگا تو آپ اپنے فین کہاں سے حاصل کریں گے؟

متعدد صارفین نے کمنٹ باکس میں یہ بھی لکھا ہے کہ حمیمہ ملک ہمیشہ اپنے بھائی کی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتی ہیں جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ فیروز خان اور حمیمہ ملک کو توجہ حاصل کرنے کے لیے کچھ بھی کرنے کی عادت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکار فیروز خان یوٹیوبر رحیم پردیسی کے خلاف باکسنگ میچ کے لیے پریس کانفرنس میں تاخیر سے پہنچے تھے جس کے بعد میڈیا کوریج کے لیے موجود شرکاء اور صحافیوں میں بے چینی پھیل گئی تھی۔

اسی پریس کانفرنس کے دوران اداکار اور ایک خاتون صحافی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید