• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعجاز اسلم والدہ کو یاد کر کے رو پڑے


پاکستانی اداکار اعجاز اسلم نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں اپنی والدہ کو یاد کر کے رو پڑے۔

ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اعجاز اسلم نے حال ہی میں اپنی والدہ کے انتقال کے بعد اپنے جذبات اور تجربات کا اظہار کیا ہے، چند ماہ قبل ان کی والدہ کے انتقال نے انہیں شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

اعجاز اسلم معروف اداکار فیصل قریشی کے رمضان شو میں مہمان بنے، اس موقع پر انہوں نے اپنی والدہ کے انتقال کے بعد کی زندگی پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ اب تک اس نقصان کو برداشت نہیں کر پائے۔

اعجاز اسلم نے کہا کہ میرے لیے میری والدہ کا انتقال ایک بہت بڑا صدمہ تھا، میں 3 ماہ کے لیے پاکستان سے باہر چلا گیا تھا کیونکہ میں ان کی یادوں سے بچنا چاہتا تھا، وہ صرف 15 دن بیمار رہیں اور پھر ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں، میں ابھی تک اسی مرحلے میں ہوں اور انہیں بہت یاد کرتا ہوں، میرا گھر اب خالی محسوس ہوتا ہے۔

یہ بات کہتے ہوئے اعجاز اسلم خاصے جذباتی ہو گئے اور انہوں نے آنکھوں میں آنسو لیے اپنے دل کی کیفیت کا اظہار کیا۔

پروگرام کے میزبان اور ان کے قریبی دوست فیصل قریشی نے ان کی باتیں سن کر انہیں تسلی دی اور یہ بھی بتایا کہ یہ ان کی ہی تجویز تھی کہ اعجاز اسلم بیرونِ ملک چلے جائیں۔


فیصل قریشی نے کہا کہ اعجاز شدید ذہنی دباؤ میں تھے، اس لیے میں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ کچھ وقت کے لیے پاکستان سے باہر چلے جائیں تاکہ تھوڑا ریلیف ملے۔

اعجاز اسلم کا کہنا ہے کہ میں اپنی والدہ کے بہت قریب تھا اور ان کے بغیر زندگی کا تصور بھی مشکل لگتا ہے۔

 انہوں نے کہا میری والدہ میرے لیے سب کچھ تھیں، ان کے بغیر زندگی ادھوری محسوس ہوتی ہے، ان کے جانے کے بعد گھر میں وہ رونق اور برکت نہیں رہی جو پہلے ہوا کرتی تھی۔

انٹرویو کے کلپس وائرل ہونے کے بعد مداحوں اور انڈسٹری کے دیگر فنکاروں نے اعجاز اسلم سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے، بہت سے لوگوں نے ان کے لیے دعائیں کی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید