پریس کانفرنس میں ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچنے پر اداکار فیروز خان اور خاتون صحافی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیروز خان یوٹیوبر راحم پردیسی کے ساتھ ہونے والے باکسنگ میچ کے حوالے سے منعقد کی گئی پریس کانفرنس میں ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچے تو وہاں موجود خاتون صحافی نے اُن کے دیر سے پہنچنے پر ان پر تنقید کی۔
خاتون صحافی نے کہا کہ ہمیں سختی سے تاکید کی گئی تھی کہ سہ پہر 3 بجے تک یہاں پہنچ جائیں اور ہم سب وقت پر یہاں پہنچ گئے لیکن فیروز خان ڈھائی گھنٹے تاخیر سے آئے اور کافی دیر انتظار کرنے کے بعد تمام مین اسٹریم میڈیا اب یہاں سے جا چُکا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ آپ لوگ اللّٰہ کے کرم کے علاوہ مداحوں اور میڈیا کی سپورٹ کی وجہ سے ہی اسٹار بنتے ہیں۔
فیروز خان نے خاتون صحافی کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ میڈیا اسٹار بناتا ہے؟ میڈیا تو پچھلے 3 سال سے میرے پیچھے پڑا ہوا ہے۔
خاتون صحافی نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے لوگ ہی آپ کو سپورٹ اور پروموٹ کرتے ہیں لیکن میڈیا یہاں پچھلے ڈھائی گھنٹے سے انتطار کر رہا ہے۔
جس پر فیروز خان نے تاخیر سے پہنچنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ دراصل میرے گھر میں گرم پانی نہیں آ رہا تھا۔
خاتون صحافی نے یہ وجہ قبول نہیں کی اور کہا کہ یہ کوئی مذاق کی بات نہیں، کسی کو ڈھائی گھنٹے انتظار کروانا کسی صورت صحیح نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بھی فیروز خان کو غیر پیشہ ورانہ رویے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔