بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہدایات دی ہیں کہ ججز کی اپوائنٹمنٹ پر وکلا تحریک کا ساتھ دیں۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم پاکستانی عدالتی نظام پر حملہ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بانی نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مفاد اور ملکی مفاد متضاد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایس او پیز کے تحت بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی سے بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی ہوئی ہے۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جو اوپن خطوط لکھے ہیں ان پر توجہ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں رول آف لاء کو ختم کردیا گیا ہے، دہشتگردی کے خلاف کاروائیاں کرنے کے بجائے پی ٹی آئی والوں کے پیچھے پڑے ہیں۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا ٹرائل کنٹرولڈ ماحول میں کیا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا جارہا۔ ہم نے بانی پی ٹی آئی کا ٹرائل کھلی عدالت میں کروانے کی درخواست دی ہے۔