سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے چیئرمین سینیٹ کو 2 خط لکھ دیے۔ پہلے خط میں شبلی فراز نے ثانیہ نشتر کے استعفے کو منظور نہ کرنے پر سوال اٹھایا، دوسرا خط سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر لکھا۔
شبلی فراز کے خط کے متن کے مطابق سینیٹ کا 346واں سیشن 13 فروری کو طلب کیا گیا ہے، گزشتہ سیشن میں اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے تھے لیکن عمل نہ ہوا، پنجاب حکومت کی جانب سے پروڈکشن آرڈر کی تکمیل پر تعاون نہیں کیا گیا۔
خط کے متن کے مطابق شبلی فراز نے کہا کہ اعجاز چوہدری کا یہ حق ہے کہ انہیں سینیٹ سیشن میں لایا جائے، پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سمیت ان کی سیشن میں شرکت یقینی بنائی جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ثانیہ نشتر مارچ 2021ء میں خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی ٹکٹ پر سینیٹر بنیں، ثانیہ نشتر نے 18 ستمبر 2024 کو سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیا۔
شبلی فراز کے خط کے مطابق حیرت انگیز طور پر ثانیہ نشتر کے مستعفی ہونے کا نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں کیا گیا، پانچ ماہ گزرنے کے باوجود ثانیہ نشتر کی نشست کو خالی قرار نہیں دیا گیا۔
دوسری جانب سینیٹر محمد قاسم کی نشست کو خالی قرار دے دیا گیا۔ شبلی فراز کے خط کے مطابق پوچھنا چاہتا ہوں کہ ثانیہ نشتر کی نشست خالی کیوں نہ قرار دی گئی۔