پاکستانی لڑکے کی محبت میں کراچی آکر لگ بھگ 120 دن (4 ماہ) یہاں گزار کر وطن واپس روانہ ہونے والی امریکی خاتون کی دبئی میں پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
ویڈیوز سے اندازہ ہوتا ہے کہ اونیجا اینڈریو رابنسن نے کراچی سے دبئی جا کر نیویارک کی اگلی پرواز چھوڑ دی تھی اور وہ دبئی میں ہی رہ گئی تھی۔
سوشل میڈیا پر اونیجا اینڈریو رابنسن کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ دبئی کی سڑکوں پر پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ ویڈیوز اور سیلفیاں بناتے نظر آرہی ہیں۔
خاتون کی یہ ویڈیو 9 فروری کی ظاہر ہو رہی ہیں۔ اونیجا اینڈریو رابنسن کراچی سے 7 فروری کی رات امارات ایئر کی پرواز ای کے 603 سے دبئی کیلئے روانہ ہوئی تھیں۔
جیو نیوز کے پاس خاتون کے دونوں بورڈنگ پاس موجود ہیں۔ پہلے بورڈنگ پاس کے مطابق امریکی خاتون کراچی سے پرواز ای کے 603 سے دبئی روانہ ہوئی۔ اس پرواز میں خاتون سیٹنگ زون ایف کی مسافر تھیں اور سیٹ نمبر 14 سی پر سفر کیا۔
یہ پرواز رات 10 بجکر 54 منٹ پر جناح ٹرمینل کے ڈپارچر لاؤنج کے گیٹ نمبر 26 سے دبئی کیلئے روانہ ہوئی۔ اس پرواز نے مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجکر 11 منٹ پر دبئی میں لینڈ کیا۔
دوسرے بورڈنگ پاس کے مطابق خاتون دبئی سے نیو یارک کی پرواز ای کے 0203 میں سیٹنگ زون ڈی کی مسافر تھیں اور سیٹ نمبر 77 بی پر اگلا سفر کرنا تھا۔ پرواز ای کے 203 سے اسی رات (8 فروری) 03:06 بجے دبئی سے نیو یارک کیلئے روانہ ہوئی۔
کراچی کی پرواز سے اتر کر اگلی پرواز میں سوار ہونے کےلیے اونیجا کے پاس 2 گھنٹے کا وقت تھا۔ اس دو گھنٹے میں بھی وہ ایک گھنٹے کےلیے دبئی شہر میں جا کر واپس آ سکتی تھی مگر اس وقت رات تھی جبکہ سامنے آنے والی ویڈیوز دن کے اوقات کی ہیں۔
اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ غالباً وہ پرواز ای کے 203 میں سوار ہی نہیں ہوئی اور امریکی شہری ہونے کے ناطے دبئی کے ان ارائیول ویزا کی سہولت کا فائدہ اٹھا کر شہر میں چلی گئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق تکنیکی طور پر خاتون کی دبئی سے نیو یارک کی پرواز کا ٹکٹ ضائع ہوگیا اور اب اسے دبئی سے نیو یارک جانے کیلئے دوسرا ٹکٹ خریدنا ہوگا۔